پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ رقم کردی
Pakistan Stock Market
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے معاشی تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کر دیا، انڈیکس پہلی بار 121000 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ کا آغاز ہی 500 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جس نے سرمایہ کاروں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔

تجارتی دن کے دوران مارکیٹ میں مسلسل بہتری دیکھی گئی، بالآخر پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 121000 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا۔ ماہرین کے مطابق یہ ملکی معیشت کیلئے ایک مثبت اشارہ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا ثبوت بھی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ 1573 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 120451 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جبکہ آج کے دن کی شروعات ہی غیرمعمولی جوش و خروش کے ساتھ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری

 

سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ معاملات پر پیش رفت ہے، جس نے ملکی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

دوسری جانب بروکرز کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد اور ممکنہ بجٹ سپورٹ بھی مارکیٹ کیلئے تقویت کا باعث بن رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اب حکومت کیلئے ضروری ہے کہ اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کیلئے معاشی اصلاحات اور پالیسی استحکام کو ترجیح دے، تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے اور مارکیٹ میں مستقل ترقی ممکن ہو سکے۔