چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا اہم فیصلہ
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا اہم فیصلہ کر لیا
حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا اہم فیصلہ کر لیا جس سے نہ صرف گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے بلکہ عام شہریوں پر مالی بوجھ بھی بڑھے گا۔

ذرائع کے مطابق، حکومت نے 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 15 سے 18 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔ یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی سفارش پر کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے آٹھویں شیڈول میں ترمیم کی جائے گی۔

اس مجوزہ ترمیم کے بعد چھوٹی گاڑیوں کو حاصل خصوصی ٹیکس رعایت ختم ہو جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو یکساں بنانا اور ملکی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے مالی خسارے کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: میٹرو بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ

معاشی ماہرین اور آٹوموبائل ڈیلرز نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹی گاڑیاں خریدنے والے زیادہ تر متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور سیلز ٹیکس میں اضافے سے نہ صرف نئی گاڑیوں کی فروخت میں کمی آئے گی بلکہ گاڑیوں کی قیمتیں بھی کئی لاکھ روپے تک بڑھ سکتی ہیں۔ اس سے آٹو انڈسٹری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

دوسری جانب، حکومت نے پانچ سال پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ عام عوام کو کم قیمت میں متبادل فراہم کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کا توازن برقرار رکھنا اور مقامی سطح پر موجود گاڑیوں کی قلت کو ختم کرنا ہے۔

یہ مجوزہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ ساتھ ہی، وفاقی حکومت بڑی گاڑیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ دولت مند خریداروں پر ٹیکس کا بوجھ بڑھایا جا سکے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے لیے جانے والے یہ اقدامات آئندہ بجٹ کی اہم خصوصیات میں شامل ہوں گے، جن کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔