عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
Global Oil Prices Rise
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی بڑی وجہ اوپیک پلس ممالک کی جانب سے جولائی میں تیل کی پیداوار موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ ہے۔

یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ پر فوری اثر انداز ہوا ہے،جس کے باعث قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2.13 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 64.12 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 2.5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی نئی قیمت 62.31 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپیک پلس کے اس فیصلے سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی محدود رہے گی، جس کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اوپیک پلس میں سعودی عرب، روس اور چھ دیگر بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک شامل ہیں جنہوں نے پیداوار کی سطح کو مستحکم رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی

خیال رہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور پیداوار میں کمی کی صورتحال نے مارکیٹ کو نازک بنا رکھا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پیداوار میں اضافہ نہ کیا گیا تو اگلے چند ہفتوں میں تیل کی قیمتیں مزید بلند ہو سکتی ہیں، جس کا اثر ترقی پذیر ممالک کی معیشت پر بھی پڑ سکتا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ پاکستان جیسے درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک کیلئے یہ اضافہ تشویشناک ہو سکتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔