گاڑی خریدنے والوں کیلئے بڑی خبر
ہیونڈائی نشاط موٹر پرائیویٹ لمیٹڈ نے یکم جون 2025 سے اپنی متعدد گاڑیوں کے فریٹ چارجز (ترسیلی اخراجات) میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ہیونڈائی نشاط موٹر پرائیویٹ لمیٹڈ نے یکم جون 2025 سے اپنی متعدد گاڑیوں کے فریٹ چارجز (ترسیلی اخراجات) میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے.
19 مئی 2025 کو کمپنی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری سرکلر میں بتایا گیا کہ اب تمام گاڑیوں پر جو اس تاریخ کے بعد انوائس ہوں گی اضافی فریٹ چارجز وصول کیے جائیں گے۔
نئی پالیسی کے مطابق ہیونڈائی پورٹر، ایلانٹرا ہائبرڈ، ٹوسان ہائبرڈ، سوناٹا، اور سانتافے ہائبرڈ جیسے مشہور ماڈلز پر 15ہزار روپے کے اضافی فریٹ چارجز لاگو ہوں گے۔
 
واضح رہے کہ اضافہ گاڑی کی بنیادی قیمت پر اثر انداز نہیں ہوگا لیکن مجموعی طور پر آن روڈ قیمت میں اضافہ ضرور کرے گا جو خریداروں کے بجٹ پر براہِ راست اثر ڈالے گا۔
 
مزید یہ کہ ہیونڈائی نے اپنے ڈیلرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے داخلی سسٹمز اور ورک فلو کو فوری طور پر نئے نرخوں کے مطابق اپ ڈیٹ کریں۔
 
 
علاوہ اذیں سیلز ٹیموں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ علاقے کے سیلز مینیجرز سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
 
کمپنی کا کہنا ہے کہ فریٹ چارجز میں یہ اضافہ بڑھتی ہوئی ترسیلی لاگت کو کنٹرول کرنے اور ملک بھر میں یکساں معیار کی سروس برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
 
ہیونڈائی نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ شفاف قیمتوں کے اصول پر عمل پیرا ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ قیمتوں سے متعلق تمام معلومات وقت پر صارفین تک پہنچائی جائیں تاکہ وہ باخبر فیصلے کر سکیں۔