
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 2100 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 47 ہزار 100 روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ 49 ہزار 200 روپے ہوگئی۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1800 روپے ہوا جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 99 ہزار 382 روپے پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 21 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ بازار میں فی اونس سونا 3 ہزار 310 ڈالر فی اونس میں فروخت ہو رہا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں نے عالمی سیاسی کشیدگیاں، افراطِ زر، شرح سود میں غیر یقینی صورتحال، اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کو سونے کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجوہات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ مہنگائی سے بچاؤ کے لیے سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ کر خرید رہے ہیں جس سے طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب تاجروں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے زیورات سازی کی صنعت کو بھی متاثر کیا ہے، جہاں آرڈرز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، خاص طور پر شادیوں کے سیزن میں متوسط طبقے کے لیے سونا خریدنا تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
تاجر برادری کا مزید کہنا ہے کہ ہماری روزمرہ فروخت 50 فیصد سے بھی کم ہو چکی ہے، گاہک صرف قیمت پوچھ کر واپس چلے جاتے ہیں، شادی بیاہ کے سیزن میں جو پہلے رش ہوتا تھا، وہ اب نظر نہیں آتا۔