
انڈسٹری ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 15 پیسے تک کمی کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 255.63 روپے سے کم ہوکر 241.47 روپے کا ہو جائے گا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8 روپے 70 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 258.64 روپے سے کم ہوکر 249.94 روپے کا ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 33 پیسے اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے کمی کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر وزیراعظم کی منظوری مل جاتی ہے تو نئی قیمتوں کا اطلاق 16 مارچ سے ہوگا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں اگلے 15 روز تک نافذ رہیں گی۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے یہ کمی ایک خوش آئند خبر ہے، کیونکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ کمی نہ صرف حکومت کی طرف سے ایک بڑا ریلیف ہوگا بلکہ روزمرہ کی ضروریات کی قیمتوں میں بھی ممکنہ کمی کا باعث بنے گا۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ کمی معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری لانے کا سبب بھی بنے گی، اور عوام کو بھی اس سے کافی فائدہ پہنچے گا۔