پیٹرول اور ڈیزل مہنگا،نئی قیمتوں کا اطلاق شروع
Petrol price hike
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے یکم دسمبر سے نافذ العمل نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ 

تاہم عوام کیلئے ایک قدرے مثبت خبر یہ ہے کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 62 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 164 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگی، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 48 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 151 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ 

ذہن نشین رہے کہ ماہانہ پیٹرولیم قیمتوں میں تبدیلی کا سلسلہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور ملک کی مالی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہے۔

حالیہ اضافے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے، کیونکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر پڑتا ہے۔