یونیورسٹی ہاسٹل پر ڈرون حملہ، 10 افراد ہلاک 60 سے زائد زخمی
تفصیلات کے مطابق پہلے ڈرون حملے میں کردفان یونیورسٹی کے ہاسٹل کو نشانہ بنایا گیا، جہاں طلبہ اور عام شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی، حملے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 47 افراد زخمی ہوئے۔
پہلے حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، زخمیوں کو فوری طور پر طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ متاثرہ ہاسٹل میں موجود افراد کے حوالے سے امدادی سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔
دوسرے روز بے گھر خاندانوں کیلئے قائم ایک پناہ گاہی مرکز کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں مزید 5 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔
شمالی کردفان کی مقامی حکومت نے دوسرے حملے کی ذمہ داری ریپڈ سپورٹ فورسز پر عائد کی ہے، تاہم تنظیم کی جانب سے فوری طور پر اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے بتایا کہ العبید میں ایک الگ پناہ گاہ پر ہونے والے ڈرون حملے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ 12 بچے زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے مطابق العبید اور اس کے گردونواح میں ڈرون حملوں کے باعث جون کے دوران ہی 45 شہری ہلاک اور 41 زخمی ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فوجی طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، 6 افراد ہلاک
سوڈان میں جاری لڑائی کے دوران ڈرون حملوں میں اضافے نے شہری آبادی، بالخصوص بچوں اور بے گھر خاندانوں کے تحفظ سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔ انسانی امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے تحفظ اور امداد کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔