ہائی وے پر سلیپر بس میں آگ لگ گئی، 9 مسافر ہلاک
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک حادثہ ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر پیش آیا، جہاں ایک سلیپر بس نوئیڈا سے اتر پردیش کی جانب جا رہی تھی۔ دوران سفر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت بس میں مجموعی طور پر 35 مسافر سوار تھے۔ بیشتر مسافر گہری نیند میں تھے کہ اچانک بس میں آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد نے کھڑکیوں اور دروازوں سے چھلانگ لگا کر جان بچانے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ بس کے ائیر کنڈیشننگ نظام میں دھماکے کے باعث آگ لگی۔ دھماکے کے بعد انجن کے تیل نے آگ کو مزید بھڑکایا، جس کے نتیجے میں شعلوں نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
حادثے کے بعد پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ہلاکتوں کے باعث علاقے میں فضا سوگوار ہے۔