نیپال میں سیلاب نے تباہی مچا دی، متعدد افراد ہلاک، 484 سیاح لاپتا
رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں سے اب تک 162 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرحدی علاقے میں مٹی اور چٹانوں کا ایک بڑا تودہ دریا میں جاگرا، جس کے بعد اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلے نے مکانات، سڑکوں، گاڑیوں اور بجلی کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں لوگوں کو سیلابی پانی سے بچنے کیلئے محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے دیکھا گیا، جبکہ متعدد افراد تیز بہاؤ اور ملبے میں بہہ گئے۔
نیپالی حکام کے مطابق 484 سیاح تاحال لاپتا ہیں، جن میں 391 غیرملکی اور 93 نیپالی شہری شامل ہیں۔ وزارت سیاحت کے مطابق لاپتا غیرملکیوں میں 100 سے زائد بھارتی، 3 امریکی اور 12 برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ متاثرہ علاقہ تبت میں واقع معروف مذہبی مقام کیلاش مانسروور جانے والے راستے پر ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں بھارتی اور دیگر ممالک کے ہندو یاتری سفر کرتے ہیں۔