نیویارک میں چھوٹا طیارہ دریا میں گر کر تباہ
امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ اتوار کو دوپہر کے فوراً بعد اس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹا طیارہ نیویارک کے ایسٹ ریور میں گر گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ دریا میں گرنے کے بعد جزوی طور پر پانی میں ڈوب گیا تھا، تاہم امدادی کارروائی کے دوران طیارے میں سوار افراد کو نکال لیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا تاہم زخمیوں کی نوعیت کے حوالے سے حکام کی جانب سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امدادی حکام کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اور ریسکیو انتظامات سخت کر دیے گئے جبکہ دریا میں موجود کشتیوں اور امدادی ٹیموں کی مدد سے طیارے تک رسائی حاصل کی گئی، واقعے کے بعد قریبی علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس، تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیارہ تکنیکی خرابی، موسم کی صورتحال یا لینڈنگ کے دوران پیش آنے والی کسی مشکل کے باعث دریا میں گرا۔
واقعے کے بعد نیویارک میں فضائی سیفٹی سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔