رواں سال ایک ہزار عمرہ زائرین شاہی مہمان بنیں گے
یہ خصوصی دعوت خادم الحرمین الشریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام برائے مہمانان کے تحت دی جا رہی ہے۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے مطابق منتخب عمرہ زائرین کو مختلف مراحل میں سعودی عرب مدعو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ خصوصی کوٹہ ان شخصیات کیلئے مختص ہوتا ہے جنہیں سعودی قیادت کی جانب سے شاہی مہمان کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے، پروگرام کا نفاذ 1448 ہجری کے دوران چار مختلف مراحل میں کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق پہلے مرحلے میں ایشیا کے 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچیں گے۔ ان ممالک میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، تھائی لینڈ، کمبوڈیا، ویتنام، میانمار، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان، منگولیا اور دیگر ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔
سعودی وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے اس موقع پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام سعودی عرب کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی مسافر طیارے کا پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مسلم دنیا کے مختلف طبقات کے درمیان بھائی چارے، تعاون اور روابط کو فروغ ملے گا جبکہ علماء، دینی شخصیات اور مسلم معاشروں کی بااثر شخصیات کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔