امریکا: چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مشرق میں چند کلومیٹر کے فاصلے پرحادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والا پائلٹ اور دو مسافر اسرائیلی شہری تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا تاہم حادثے کی وجوہات فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا۔
حکام کا بتانا ہے کہ کنٹرول ٹاور پر حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 30 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوبی سوفٹ کے شریک بانی کلاڈ گیلمو طیارہ حادثے میں ہلاک
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک مقامی فلائٹ اسکول کی ملکیت تھا اور قوی امکان ہے کہ یہ طیارہ تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر کسی تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ عوامل کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔