ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ پر فائرنگ، حملہ آور ہلاک

White House Shooting
فائل فوٹو
Updated | Published May, 24 2026 |
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرکاری رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، سیکریٹ سروس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مسلح حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ وائٹ ہاؤس کے قریب 17ویں اسٹریٹ اور پینسلوینیا ایونیو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح شخص نے اچانک تعینات سیکریٹ سروس اہلکاروں پر پستول سے فائرنگ شروع کردی۔

اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

حکام کے مطابق مارے جانے والے حملہ آور کی شناخت 21 سالہ نسائر بیسٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق امریکی ریاست میری لینڈ سے بتایا جا رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور وائٹ ہاؤس کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے، فائرنگ کے بعد فوری طور پر وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی، تاہم صورتحال قابو میں آنے پر لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی؛ ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے دوران تقریباً 30 گولیاں چلائی گئیں، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت وائٹ ہاؤس کی چھت پر اسنائپرز بھی تعینات کر دیے گئے۔

واقعے کے بعد امریکی سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملے کے محرکات اور ممکنہ پس منظر کا تعین کیا جا سکے۔

اس واقعے نے ایک بار پھر امریکی صدارتی رہائشگاہ کی سیکیورٹی اور ممکنہ خطرات سے متعلق سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔