سکول میں فائرنگ سے استاد سمیت 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی
Turkey school shooting
فائل فوٹو
انقرہ:(ویب ڈیسک) ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے کہرامنمار میں ایک سکول میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے نے ملک بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک طالب علم نے سکول کے اندر اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایک استاد سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقامی گورنر نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور طالب علم بھی ہلاک ہو گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق طالب علم نے اپنے والد کے پاس موجود اسلحہ استعمال کیا، جسے وہ چالاکی سے اپنے سکول بیگ میں چھپا کر لایا تھا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے فوری طور پر سکول پہنچ گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر سکول کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ اسلام آباد میں ہوگا؟

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے کے محرکات کا پتہ لگایا جا سکے، اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ عوام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔