تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں کم کرنے پر غور
صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات
تعلیمی اداروں میں موسم گرما و سرما کی چھٹیاں کم کرنے سمیت سکولوں کو متبادل ہفتے کے روز کھلا رکھنے کی تجویز زیر غور ہے/ فائل فوٹو
لاہور (ویب ڈیسک): تعلیمی اداروں میں موسم گرما و سرما کی چھٹیاں کم کرنے سمیت سکولوں کو متبادل ہفتے کے روز کھلا رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت اس سال گرمیوں کی تعطیلات میں 15 سے 20 دن کی کمی پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد تعلیمی خلا کو پر کرنا اور نصاب کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔


موجودہ تعلیمی سال میں تدریسی ایام 180 سے بڑھا کر 190 دن کرنے کی تجویز ہے۔ زیادہ چھٹیوں سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے جسے بچانے کیلئے تبدیلیاں زیرِ غور ہیں جس میں موسمِ گرما کی چھٹیوں میں 15 سے 20 دن اور موسمِ سرما کی چھٹیوں میں 5 سے 6 دن کی کمی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بلوچستان کے طلبہ کیلئے اسکالرشپس کا اعلان

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے ہفتے میں 4 روزہ ورکنگ ماڈل متعارف کروایا۔ نئے فیصلے کے تحت اب اسکولوں میں ہفتہ وار تعطیلات کے نظام میں تبدیلی کر دی گئی۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں اب جمعہ اور ہفتہ کو ہفتہ وار چھٹی ہوگی، اس نئے نظام کا مقصد تعلیمی عمل کو مزید منظم بنانا اور وسائل کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس نئے شیڈول کا اطلاق یکم اپریل 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا۔ اب تمام سرکاری تعلیمی ادارے اتوار سے جمعرات تک تدریسی عمل جاری رکھیں گے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو اسکول بند رہیں گے۔