تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے عندیہ دیا ہے کہ مذاکرات کا آئندہ دور ممکنہ طور پر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، پاکستان اس پورے عمل میں واحد ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، امریکہ پاکستان کی ان کوششوں کو سراہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کی امریکی درخواست سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
کیرولین لیویٹ نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بھی مذاکرات کے حوالے سے امید کا اظہار کیا تھا اور ایران کیلئے یہ واضح کیا گیا ہے کہ معاہدہ اسی صورت ممکن ہے جب وہ امریکی مطالبات کو تسلیم کرے، امریکہ نے اپنی ریڈ لائنز واضح کر دی ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ ایران اس پر کیا ردعمل دیتا ہے۔
ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ کئی ممالک نے ثالثی کی پیشکش کی ہے، تاہم امریکہ کے نزدیک پاکستان ہی اس عمل کیلئے موزوں اور قابلِ اعتماد ثالث ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کیساتھ جاری جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے: ڈونلڈ ٹرمپ
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطہ پاکستان کے ذریعے ہی جاری رکھا جائے گا، جو خطے میں امن کیلئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔