امریکا نے ایران میں لاپتا پائلٹ تلاش کر کے ریسکیو کرلیا
امریکا
امریکا نے ایران میں لاپتا ہونے والے ایف-15 جنگی طیارے کے دوسرے پائلٹ کو کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کیا/ فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران میں لاپتا ہونے والے ایف-15 جنگی طیارے کے دوسرے پائلٹ کو کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کر لیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کی تصدیق کر دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے تاریخ کا ایک بڑا ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے لاپتا پائلٹ کو ڈھونڈ نکالا، ان کے مطابق بازیاب ہونے والا افسر ایک اعلیٰ عہدے کا کرنل ہے جو اس وقت محفوظ ہے، تاہم معمولی زخمی ہوا ہے اور جلد صحت یاب ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ہی روز امریکا کے 3 طیارے مار گرائے: ایران کا دعویٰ

ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی فوج گزشتہ 24 گھنٹوں سے پائلٹ کی لوکیشن پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھی اور اس کی بازیابی کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں درجنوں جدید جنگی طیارے استعمال کیے گئے جو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس تھے۔

امریکی صدر کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کے دوران کوئی بھی امریکی اہلکار ہلاک یا شدید زخمی نہیں ہوا، جو ان کے بقول ایرانی فضائی حدود میں امریکی برتری کا ثبوت ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پائلٹ کو ایران سے باہر منتقل کیا گیا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل آبنائے ہرمز کے قریب ایران نے امریکا کا ایف-15 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

امریکی حکومتی ذرائع نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ گرائے گئے ایف-15 ای جیٹ کے عملے کے دوسرے رکن کو بھی سخت جھڑپ کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔