کینیڈا میں کم از کم اجرت میں اضافہ
Canada minimum wage
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): کینیڈا نے وفاقی سطح پر کم از کم اجرت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت یکم اپریل 2026 سے فی گھنٹہ اجرت 18.15 ڈالر مقرر کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق اجرت میں 40 سینٹ فی گھنٹہ اضافہ کیا گیا ہے جو تقریباً 2.3 فیصد بنتا ہے۔ یہ اضافہ 2025 کی اوسط مہنگائی کی شرح کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ نئی کم از کم اجرت ان شعبوں پر لاگو ہوگی جو وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں جن میں بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، ہوابازی، پوسٹل سروسز اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اگر کسی صوبے یا علاقے میں کم از کم اجرت اس سے زیادہ ہے تو وہاں صوبائی شرح کو ہی ترجیح دی جائے گی۔

2021 میں وفاقی کم از کم اجرت کے نفاذ کے بعد سے اب تک اس میں مجموعی طور پر 3.15 ڈالر فی گھنٹہ اضافہ ہو چکا ہے جس سے کل وقتی ملازمین کی سالانہ آمدنی میں تقریباً 6,552 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کم CGPA کے ساتھ کینیڈا میں تعلیم، پاکستانی طلبہ کے لیے نئے مواقع

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اضافہ معمولی ہے، تاہم اس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور کارکنوں کی قوتِ خرید کو برقرار رکھنا ہے تاکہ وہ روزمرہ اخراجات جیسے خوراک، یوٹیلٹیز اور ٹرانسپورٹ بہتر طور پر برداشت کر سکیں۔

کینیڈا میں مختلف صوبوں کے درمیان کم از کم اجرت میں فرق پایا جاتا ہے جہاں نوناؤٹ میں سب سے زیادہ 19.75 ڈالر فی گھنٹہ جبکہ البرٹا میں سب سے کم 15 ڈالر فی گھنٹہ مقرر ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام مہنگائی کے دباؤ کے دوران کارکنوں کے تحفظ اور ان کی معاشی معاونت کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔