جنگ بندی کی امریکی تجاویز غیر منصفانہ ہیں: ایران
ایران
ایران نے 15 نکاتی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب ارسال کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایران نے 15 نکاتی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب ارسال کر دیا اور اب امریکا کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق امریکی تجاویز یک طرفہ اور غیر منصفانہ ہیں اور ان میں صرف اسرائیل اور امریکا کے مفادات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ عہدیدار کے مطابق ایران نے پاکستان کے ذریعے موصول ہونے والی امریکی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنا مؤقف بھی پاکستان کو آگاہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی نائب صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان شدید تلخ کلامی

ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی تجاویز میں کئی اہم تقاضوں کی کمی ہے، جبکہ اب تک مذاکرات کے لیے کوئی واضح انتظام بھی سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں باضابطہ بات چیت کا کوئی واضح منصوبہ نظر نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے تو مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے، اور سفارتی عمل مکمل طور پر رکا نہیں ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور ترکیے اس معاملے میں امریکا اور ایران کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایرانی عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکی سے قبل ہی ایران نے 15 نکاتی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب بھجوا دیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے جواب ارسال کیے جانے کے بعد اب تہران امریکی ردعمل کا منتظر ہے، جس کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔