بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر ڈومیسٹک پروازوں کے لیے قیمت 112.41 ٹکے سے 194.18 ٹکے فی لٹر مقرر کی گئی تھی، تاہم 18 مارچ 2026 کو بی ای آر سی نے نئے نرخ نافذ ہونے سے پہلے ہی معطل کر دیے۔
رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس ہونے کے بعد اب ڈومیسٹک پروازوں کی قیمت 112.41 ٹکے اور بین الاقوامی پروازوں کی قیمت 0.7384 ڈالر فی لٹر رہے گی۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور مسافروں و ایئر لائنز پر اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران امریکا جنگ کے بعد عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، آبنائے ہرمز، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے، وہاں کشیدگی کے باعث آئل سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب کا امریکی ایف 35 کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ماہرین کے مطابق جنگی صورتحال، سپلائی میں کمی اور سکیورٹی خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ بعض تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹ اور آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت میں کمی کے باعث عالمی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، جس کے اثرات ایشیائی اور یورپی ممالک پر زیادہ پڑنے کا امکان ہے۔