عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب بھر کے گیارہ مقامات پر شوال کا چاند دیکھنے کے حوالے سے اجلاس ہوئے جن میں ماہرین نے شرکت کی، حکام کی جانب سے سعودی شہریوں سمیت غیر ملکیوں سے بھی شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے مملکت بھرکی آبزرویٹریوں اور رویت ہلال کمیٹیوں سے موصول ہونے والی تمام رپورٹس کا جائزہ لینےکے بعد باضابطہ اعلان کیا کہ رمضان 1447 ہجری کے مکمل 30 روزے ہوں گے اور عید الفطر 2026 جمعہ 20 مارچ کو منائی جائےگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور بیشتر عرب ممالک میں 18 فروری کو رمضان کا آغاز ہوا، اگر بدھ کو چاند نظر نہ آیا تو جمعرات کو 30 رمضان اورعید الفطر 20 مارچ کو ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز جمعرات طلب کیا گیا ہے، پاکستان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی کل مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت ہو گا تاہم شوال کے چاند کے حوالے سے حتمی سرکاری اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
ادھر سپارکو نے شوال کے چاند سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 19 مارچ کو پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے جس کے باعث عیدالفطر ممکنہ طور پر 21 مارچ کو ہو گی۔
سپارکوکے مطابق شوال 1447 ہجری کا نیا چاند 19 مارچ کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو گا، 19 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہو گی،ساحلی علاقوں میں سورج اورچاند کے غروب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا فرق متوقع ہے۔
متوقع طور پر یکم شوال 1447ہجری ہفتہ 21 مارچ کو ہو گی، پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا امکان ہے تاہم حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد چاند دیکھنے اور شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔