بغداد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حملہ،10 امریکی فوجی ہلاک
Baghdad Drone Attack
فائل فوٹو
بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک فوجی اڈے پر ڈرون اور راکٹوں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد ہوائی اڈے کے قریب واقع وکٹوریہ نامی فوجی اڈے کو ڈرون اور راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 10 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی گئی ہے، تاہم اس خبر کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب عرب نشریاتی ادارے کے مطابق حملے کے بعد اڈے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق عراقی مزاحمتی تنظیم نے اس سے ایک روز قبل بھی اسی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کی ویڈیو جاری کی تھی جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب خلیجی خطے میں بھی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، دبئی اور کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

کویتی وزارت دفاع کے مطابق حملے کے دوران ہوائی اڈے کے ریڈار نظام کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ 5 ڈرون مار گرائے گئے۔

کویت میں اطالوی فوج کے اڈے کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم وہاں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ادھر دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کے باعث ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جس کے بعد پروازوں کا نظام عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی میزائل حملوں سے اسرائیل میں تباہی،100 سے زائد زخمی

اماراتی حکام کے مطابق اتوار کے روز چار بیلسٹک میزائل اور چھ ڈرون بھی تباہ کیے گئے جبکہ گزشتہ کئی دنوں کے دوران سینکڑوں میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے، غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ مزاحمتی تنظیم کی جانب سے کیا گیا۔

ضرور پڑھیں