ایرانی میزائل حملوں سے اسرائیل میں تباہی،100 سے زائد زخمی
ایران کے اسرائیل میں میزائل حملوں نے تباہی مچادی، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
فائل فوٹو
تل ابیب : (ویب ڈیسک) ایران کے اسرائیل میں میزائل حملوں نے تباہی مچادی، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے تازہ حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسرائیلی شہری ایرانی حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والے نقصانات کی تصاویر اور معلومات سامنے لے آئے، عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی اسرائیل کے اہم شہر ایلات میں ایرانی حملوں سے کم از کم 10 مقامات پر نقصان کی اطلاعات ہیں جنہیں مکمل طور پر چھپانا ممکن نہیں تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مسلسل حملوں اور شمالی اسرائیل میں ہر 30 منٹ بعد بجنے والے سائرن کے باعث اسرائیلی معاشرے پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور معمولات زندگی کی بحالی مشکل دکھائی دیتی ہے۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ڈھونڈ کر قتل کرنے کی دھمکی دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب کا نیتن یاہو کو ہر صورت نشانہ بنانے کا اعلان

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے قاتل مجرم اب بھی زندہ ہیں ہم ان کا پیچھا کرتے رہیں گے اور اپنی پوری طاقت سے انہیں قتل کر دیں گے۔

ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے 10 میزائل اور ڈرونز سے امارات میں موجود امریکی فضائی اڈے اور سعودی عرب میں الخرج میں امریکی فورسز پر میزائل حملےکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کہ الخرج کی جانب 6 بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا گیا تھا، کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں راڈار سسٹم کو نقصان پہنچا، سعودی عرب نے 10 اور کویت نے 5 ڈرون تباہ کر دیے۔ 

ضرور پڑھیں