دبئی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون گرنے کے باعث ایندھن کے ٹینک میں آگ لگ گئی جس پر ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی میزائل حملوں سے اسرائیل میں تباہی،100 سے زائد زخمی
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لینڈنگ کی عارضی معطلی کے باعث دبئی آنے والی متعدد پروازوں کو فضا میں ہی ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا ہے تاکہ صورتحال واضح ہونے کے بعد انہیں محفوظ انداز میں اتارا جا سکے۔ عالمی فلائٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ نے بھی مختلف پروازوں کے راستوں اور تاخیر کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
دبئی حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔
میڈیا آفس دبئی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے پروازوں کا آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب ایئرلائنز نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ فی الحال دبئی ایئرپورٹ نہ آئیں اور تازہ ترین معلومات کے لیے ایئرلائنز کی جانب سے جاری ہونے والی اپ ڈیٹس کا انتظار کریں۔ حکام کے مطابق فلائٹس کی معطلی صورتحال کے بہتر ہونے تک برقرار رہ سکتی ہے۔