میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں اب تک 175 طالبات اور اساتذہ سمیت 1230 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایران کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک 11 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکا کے 6 فوجی مارے گئے ہیں، لبنان پر اسرائیلی بمباری سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بحرین پر ایرانی حملے میں 1 شخص مارا گیا ہے، کویت پر حملے میں دو کویتی فوجیوں سمیت 4 افراد مارے گے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان میں تیل بردار جہاز پر ایرانی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ یواےای میں ایران حملوں میں اب تک 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے ایک امریکی جنگی طیارہ ایف 15 مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے امریکی لڑاکا طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، امریکی جنگی طیارہ ایف 15 جنوب مغربی سرحد کے مضافات میں گرایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: رجیم چینج کی کوشش ہوئی تو جوہری مرکز کو نشانہ بنایا جائیگا، ایران
دوسری جانب امریکی حکام نے ایران کی جانب سے لڑاکا طیارے گرائے جانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان کہا گیا کہ ایران میں امریکی ایف 15 ای طیارے کے گرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد اور غلط ہیں۔
سینٹ کام حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ امریکی طیارہ گرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
واضح رہے کہ اگر ایرانی پاسداران کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے یہ ایران کے ساتھ ہونے والی امریکا اور اسرائیل کی حالیہ جنگ میں یہ چوتھا ایف 15 لڑاکا طیارہ ہو گا جو امریکا کھو بیٹھے گا۔