عید الفطر 2026: نئے کرنسی نوٹ کیسے حاصل کریں؟
عیدالفطر 2026
اسٹیٹ بینک آف پاکستان عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان میں عیدالفطر 2026 کی آمد کے ساتھ ہی نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کی دوڑ شروع ہوگئی۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی شہری عیدی دینے کے لیے تازہ نوٹ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلی محلوں میں اضافی قیمت پر نوٹ فروخت کرنے والوں سے بچیں اور صرف سرکاری ذرائع استعمال کریں۔ فروری 2026 کے اختتام تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان عید کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

عیدالفطر 20 مارچ کے قریب متوقع ہے، اس لیے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت درخواست دیں تاکہ بلیک مارکیٹ سے مہنگے داموں نوٹ خریدنے سے بچ سکیں۔

8877 ایس ایم ایس سروس استعمال کریں

اسٹیٹ بینک عام طور پر رمضان کے دوسرے ہفتے میں 8877 شارٹ کوڈ سروس فعال کرتا ہے۔ نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کریں۔ اپنے موبائل کا ایس ایم ایس ایپ کھولیں۔ اپنا شناختی کارڈ نمبر (CNIC) لکھیں، اسپیس دے کر مطلوبہ بینک برانچ کا کوڈ درج کریں۔ یہ پیغام 8877 پر بھیج دیں۔ جوابی ایس ایم ایس میں آپ کو ایک منفرد ٹرانزیکشن کوڈ اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔

ایس ایم ایس کے ذریعے کوڈ موصول ہونے کے بعد متعلقہ برانچ کا دورہ کریں۔ اصل شناختی کارڈ اور اس کی ایک نقل ساتھ لے جانا ضروری ہے۔ بینک عملہ آپ کا کوڈ تصدیق کرے گا۔ عام طور پر آپ کو 10، 20 اور 50 روپے کے نوٹوں کا ایک ایک پیکٹ فراہم کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیراِنکم سپورٹ پروگرام میں شامل ہونے کا طریقہ جانیے

اگر 8877 سروس پر رش زیادہ ہو تو اپنے اس بینک کی مقامی برانچ سے رابطہ کریں جہاں آپ کا اکاؤنٹ موجود ہے۔ زیادہ تر کمرشل بینکوں کو بھی محدود مقدار میں نئے نوٹ فراہم کیے جاتے ہیں، جو عموماً اپنے موجودہ صارفین کو ترجیحی بنیاد پر دیتے ہیں۔ مارچ کے اوائل میں برانچ کا دورہ کرنا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

بڑے شہروں جیسے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں موجود ایس بی پی بینک سروسز کارپوریشن کے دفاتر میں بھی نئے نوٹوں کا بڑا ذخیرہ دستیاب ہوتا ہے۔ ان دفاتر میں ’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘ کی بنیاد پر نوٹ تبدیل کیے جاتے ہیں۔
رمضان کے آخری عشرے میں بینک عموماً اے ٹی ایم مشینوں میں معیاری اور نسبتاً کرارے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ ڈالتے ہیں۔ اگرچہ یہ بڑی مالیت کے نوٹ ہوتے ہیں، تاہم خاندان کے بزرگ افراد کو عیدی دینے کے لیے یہ موزوں ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہر سال کچھ افراد تازہ نوٹ اضافی قیمت پر فروخت کرتے ہیں، جو غیرقانونی عمل ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے نوٹ حاصل کریں اور کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

ماہرین کے مطابق اگر آپ چاہتے ہیں کہ عید 2026 پر آپ کے پاس عیدی کے لیے تازہ اور خوبصورت نوٹ موجود ہوں تو رمضان کے دوسرے ہفتے ہی درخواست دینا شروع کردیں، کیونکہ محدود کوٹہ جلد ختم ہوسکتا ہے۔
 

ضرور پڑھیں