مسجدِ نبوی ﷺ کے مؤذن کی بسترِ مرگ پر رقت آمیز آخری اذان وائرل
Masjid Nabawi muezzin last azan
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) مسجدِ نبوی ﷺ کے معروف مؤذن شیخ فیصل نعمان کی بسترِ مرگ پر دی گئی آخری اذان کی دل کو چھو لینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو جذباتی کر دیا۔

یہ اذان نہ صرف ان کی زندگی کی آخری پکار ثابت ہوئی بلکہ سننے والوں کے دلوں میں عقیدت، محبت اور جدائی کا گہرا احساس بھی چھوڑ گئی۔

شیخ فیصل نعمان کو سن 2000 میں مسجدِ نبوی ﷺ کا باقاعدہ مؤذن مقرر کیا گیا تھا، انہوں نے تقریباً 25 برس تک اپنی پُرسوز اور دلنشیں آواز میں اذان دے کر لاکھوں زائرین اور اہلِ مدینہ کے دلوں کو منور کیا، ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جو طویل عرصے سے مسجدِ نبوی ﷺ کی خدمت کرتا آ رہا ہے۔

شیخ فیصل نعمان کے والد بھی کم عمری میں اس عظیم منصب پر فائز ہوئے تھے اور 90 برس سے زائد عمر تک مسجدِ نبوی ﷺ میں اذان دینے کی سعادت حاصل کرتے رہے۔

بعد ازاں یہی اعزاز شیخ فیصل نعمان کو نصیب ہوا، جنہوں نے اپنے والد کی روایت کو نہایت وقار اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھایا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شیخ فیصل نعمان مدینہ منورہ کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی وفات سے قبل بسترِ مرگ پر دی گئی اذان کی ویڈیو سامنے آئی، جس میں وہ کمزور جسم کے باوجود پُرسوز آواز میں اذان دیتے نظر آتے ہیں۔ یہ منظر دیکھنے والوں کی آنکھیں نم ہو گئیں اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں پھیل گئی۔

مسجدِ نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بھی ایک جذباتی پیغام کے ساتھ ان کی آخری اذان شیئر کی، جو انہوں نے 2 نومبر کو دی تھی اور یہی اذان مسجدِ نبوی ﷺ میں ان کی زندگی کی آخری صدا ثابت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:نائیجیریا میں مسجد پر خودکش بم حملہ، 7 نمازی شہید

شیخ فیصل نعمان کو مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں رسول اللہ ﷺ کے اہلِ خانہ اور جلیل القدر صحابہ کرامؓ آرام فرما ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین ان کیلئے مغفرت اور بلند درجات کی دعائیں کر رہے ہیں اور ان کی آواز کو ایک روحانی ورثہ قرار دے رہے ہیں۔