ٹرمپ ایک بار پھر فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کے معترف
Trump praises Asim Munir
فائل فوٹو
وااشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اپنے کردار کا ذکر کیا ہے۔

فلوریڈا میں وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دنیا میں اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورت میں بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی تھی، تاہم بروقت اقدامات کے ذریعے اس تصادم کو روکا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ کے دوران 8 طیارے تباہ ہوئے تھے، جبکہ جنگ رکوا کر تقریباً ایک کروڑ (10 ملین) لوگوں کی جانیں بچائی گئیں۔

امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک قابلِ احترام اور مضبوط قیادت کا حامل فرد قرار دیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا بڑھتا دفاعی بجٹ، خطے میں عدم توازن کا باعث

پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی بحری طاقت میں اضافے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ امریکا 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز بنانے جا رہا ہے، جبکہ 15 جدید آبدوزیں بھی تیار کی جا رہی ہیں، آبدوز سازی کے شعبے میں امریکا چین اور روس سمیت دنیا کے تمام ممالک سے کم از کم 15 برس آگے ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ نئی آبدوزیں اور بحری جہاز امریکا کے دشمنوں کیلئے خوف کی علامت ہوں گے اور امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنانے میں مدد دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وکٹری نامی جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے اور امریکی شپ بلڈنگ انڈسٹری کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔