آسٹریلیا: سڈنی کے ساحل پر فائرنگ، 12 افراد ہلاک، 17 زخمی
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعہ میں 12 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
سڈنی: (سنو نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے واقعہ میں 12 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔

آسٹریلین میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے ساحل بانڈی پر پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوئے ، پولیس نے واقعہ کے بعد علاقہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ واقعہ کے بعد جائے وقوعہ سے پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور عوام کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم پولیس نے واقعہ کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور کی شناخت 24 سالہ نوید اکرم کے نام سے ہو ئی ہے۔

آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے بانڈی ساحل پر فائرنگ کے واقعے کو یہود مخالف حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ نفرت انگیز اور گھناؤنا ہے، مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا میں سیاحوں سے بھرا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ دلخراش واقعہ برطانیہ سمیت پوری دنیا کے لیے صدمے کا باعث ہے، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ خوفناک حملہ ناقابل قبول ہے جبکہ یورپی کمیشن کی صدرنے بھی دہشتگرد انہ حملے کو افسوسناک قرار دیا۔

ہسپانوی وزیر خارجہ نے آسٹریلیا میں یہودی کمیونٹی پر دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت عالمی رہنماؤں نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ آسٹریلین مسلم گروپ کی جانب سے بھی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی کے بانڈی ساحل پر ہونے والے المناک دہشت گرد حملے کے متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں، پاکستان دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر میں شدید مذمت کرتا ہے۔

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہم آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔