دورانِ پرواز طیارے کا انجن فیل ہو گیا
United Airlines emergency landing
فائل فوٹو
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا سے جاپان جانے والا یونائیٹڈ ایئرلائنز کا مسافر بردار طیارہ پرواز کے دوران اچانک انجن فیل ہونے کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست شمالی ورجینیا کے قریب پیش آیا، جہاں تکنیکی خرابی کے فوراً بعد پائلٹس نے ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق طیارہ ورجینیا سے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی کا شکار ہوا اور اس کا ایک انجن کام کرنا بند کر گیا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے طیارے کو واشنگٹن کے ڈالس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں ہنگامی بنیادوں پر لینڈنگ کرائی گئی۔

لینڈنگ کے دوران رن وے کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس سے کچھ دیر کیلئے خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ایئرپورٹ کی فائر فائٹنگ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے آگ سے طیارے کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا کا پاکستانیوں کے لیے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ متعارف

طیارے میں 275 مسافر جبکہ عملے کے 15 ارکان سوار تھے، ایئرلائن حکام کے مطابق تمام افراد کو بحفاظت طیارے سے باہر نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ صورتحال انتہائی خوفناک تھی، تاہم پائلٹس اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت نے انہیں بڑے سانحے سے بچا لیا۔