سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء وینٹی لیٹر پر منتقل
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ و سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ۔
سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم ہسپتال میں موجود ہیں (فوٹو بین الاقوامی میڈیا)
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ و سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔

بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے مطابق ان کے گردے مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں اور انہیں باقاعدہ ڈائیلاسز کی ضرورت ہے جبکہ دیگر طبی مسائل میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

طبی بورڈ کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین تعلقدار نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو سانس کی شدید کمی، خون میں آکسیجن کی قلت اور کاربن ڈائی آکسائیڈ اضافے جیسے مسائل کا سامنا ہے، جن کے لیے انہیں ہائی فلو نزل کینولا اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طبی سہولیات کی فراہمی کے باوجود سابق وزیراعظم کی حالت میں بہتری نہ آنے پر انہیں الیکٹیو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ پھیپھڑوں اور دیگر اہم اعضا کو آرام مل سکے۔

ڈاکٹرز کے مطابق 27 نومبر کو ان میں لبلبے کی شدید سوزش کی تشخیص ہوئی تھی جو اب بھی انتہائی نگہداشت میں علاج کی متقاضی ہے، شدید انفیکشن کے باعث انہیں طاقتور اینٹی بائیوٹکس اور اینٹی فنگلز دی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی طبیعت انتہائی ناساز

اس کے علاوہ انہیں نظامِ ہاضمہ میں خون رسنے اور ڈی آئی سی کے سبب مسلسل خون اور اس کے اجزا کی منتقلی کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایکو ٹیسٹ میں دل کے مسائل سامنے آنے پر مزید تحقیق کے لیے ٹی ای ای ٹیسٹ کیا گیا جس میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی، جس پر ان کا فوری علاج شروع کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ملکی و غیر ملکی ماہرین سے بھی مشاورت کی جارہی ہے۔

معالجین نے اپیل کی ہے کہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے کیونکہ ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل طبی بورڈ روزانہ کی بنیاد پر ان کے علاج کا جائزہ لے رہا ہے۔