برطانوی جیولوجیکل سوسائٹی کے مطابق زلزلے کی شدت 3.3 ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلہ رات 11 بج کر 23 منٹ پر لنکاشائر کے علاقے میں آیا، جس کی گہرائی تقریباً تین کلومیٹر تھی۔
جھٹکے ساؤتھ لیکس، لنکاشائر، کینڈل اور الورفسٹن سمیت 20 کلومیٹر کے دائرے تک محسوس کیے گئے، جبکہ متعدد شہریوں کا کہنا ہے کہ ہلکی شدت کے جھٹکے لندن تک بھی محسوس کیے گئے۔
ماہرین کے مطابق اس شدت کا زلزلہ عموماً نقصان کا باعث نہیں بنتا، تاہم گھروں اور عمارتوں میں ہلکی لرزش محسوس کی گئی جس کے بعد شہریوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات شیئر کیے۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے شور سننے اور فرنیچر ہلنے کی شکایات بھی درج کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں:گھر بیٹھے بے نظیر انکم پروگرام کی رقم حاصل کریں
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ برطانیہ میں آنے والا دوسرا زلزلہ ہے، جس کے بعد مانیٹرنگ سسٹم مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ زلزلہ کم شدت کا تھا مگر اس کے اچانک آنے سے شہریوں میں بے چینی ضرور پیدا ہوئی۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر آئندہ جھٹکے محسوس ہوں تو پُرسکون رہتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف جائیں اور غیر ضروری گھبراہٹ سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معمولی نوعیت کا یہ زلزلہ کسی بڑے خطرے کی نشاندہی نہیں کرتا، تاہم صورتحال پر مکمل نظر رکھی جارہی ہے۔