سری لنکا میں تباہی مچانے والا سائیکلون بھارت کی جانب بڑھنے لگا
سری لنکا میں تباہی مچانے والا سائیکلون ’’دتواہ‘‘ بھارت کی جانب بڑھنے لگا۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: (سنو نیوز) سری لنکا میں تباہی مچانے والا سائیکلون ’’دتواہ‘‘ بھارت کی جانب بڑھنے لگا۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفانی آج خلیج بنگال میں داخل ہوگا، طوفان کے پیش نظر مشرقی بھارتی ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

طوفان کے زیر اثر بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ 50 سے زائد پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں سائیکلون دتواہ سے اب تک 159 افراد ہلاک جبکہ 203 لاپتا ہو چکے ہیں، موسلادھار بارشوں کے باعث ہزاروں گھر ڈوب گئے جبکہ متعدد علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، سری لنکن فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق شدید موسمی حالات کی وجہ سے 20 ہزار سے زائد مکانات زمیں بوس ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 22ہزار افراد سرکاری عارضی کیمپوں میں قیام پذیر ہیں جبکہ مزید 8 لاکھ 33 ہزار سیلاب متاثرہ افراد امداد کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا، بارشوں اورلینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، 46 افراد ہلاک

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کے ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مسلح افواج کے تعاون سے سری لنکا کے لیے جامع امدادی کارروائی شروع کردی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کل نور خان ایئر بیس سے کولمبو کے لیے 45 رکنی آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم، موبائل فیلڈ ہسپتال، کشتیوں، لائف جیکٹس، خیمے، کمبل، بچوں کا دودھ، خوراک اور دوائیں روانہ کی جائیں گی۔

ادھر تھائی لینڈ میں بارشوں سے ہلاک افراد کی تعداد 170 پر جا پہنچی ہے، ہیٹ یائی میں گزشتہ ہفتے بارشوں کا تین سوسالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے ، 300 ملی میٹر بارش نے پورے علاقے کو تالاب میں تبدیل کردیا۔