سری لنکا: بارشوں اورلینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، 46 افراد ہلاک
سری لنکا میں موسلادھار بارشوں اور لینڈنگ سلائیڈنگ کے واقعات نے تباہی مچا دی۔
فائل فوٹو
کولمبو: (سنو نیوز) سری لنکا میں موسلادھار بارشوں اور لینڈنگ سلائیڈنگ کے واقعات نے تباہی مچا دی۔

سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور لینڈنگ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ پہاڑی علاقوں میں 25 اموات رپورٹ ہوئیں جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گھر ملبے تلے دب گئے، شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روک دی گئی ، جس سے ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق وسطی سری لنکا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 21 افراد لاپتا ہوئے جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ 10 زخمی ہوئے جو ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ، خوفناک آتشزدگی میں 44 لقمہ اجل بن گئے

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکا میں شدید بارشوں کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ کئی سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آ گئی ہیں، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مختلف شہروں میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر اور دریا ابل پڑے ہیں اور صوبوں کو ملانے والی متعدد اہم سڑکیں ڈوب گئی ہیں، جس کے باعث کئی علاقے بیرونی دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔