بحرین جانے کے خواہشمند افراد کی سنی گئی
Bahrain Golden Visa
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بحرین کی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے گولڈن ویزا پروگرام میں بڑی نرمی کر دی۔

اس فیصلے کے بعد اب بیرونِ ملک سے سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کیلئے مملکت میں مستقل رہائش حاصل کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارتِ داخلہ کے قومی شہریت، پاسپورٹس اور رہائشی امور کے محکمے نے گولڈن ویزا کیلئے کم از کم سرمایہ کاری کی شرط میں 35 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب سرمایہ کاری کی حد 2 لاکھ بحرینی دینار سے کم کر کے 1 لاکھ 30 ہزار دینار کر دی گئی ہے، وہ غیر ملکی افراد جو پہلے سے اتنی مالیت کی جائیداد کے مالک ہیں، اب اس پروگرام کیلئے اہل قرار دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گولڈن ویزا مختلف افراد کیلئے دستیاب ہے جن میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کار، ایسے پیشہ ور افراد جو ماہانہ کم از کم 2000 بحرینی دینار کماتے ہیں، ریٹائرڈ شہری جو بحرین میں 15 سال ملازمت کر چکے ہیں، غیر مقیم ریٹائرز جن کی پنشن 4000 دینار یا اس سے زائد ہے اور وہ باصلاحیت افراد جو بحرین کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پرواز کے دوران طیارے آپس میں ٹکرا گئے، پائلٹ ہلاک

درخواست گزاروں کو وزارت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرانا ہوگی، جس کیلئے درست پاسپورٹ، گزشتہ 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹس، صحت کی انشورنس اور رہائش کا ثبوت لازمی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست فیس 5 بحرینی دینار جبکہ ویزا کے اجرا کی فیس 300 دینار مقرر ہے۔

گولڈن ویزا ہولڈرز کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی جن میں بحرین میں کہیں بھی کام کرنے کی اجازت، غیر محدود داخلے و روانگی کی سہولت، زیرِ کفالت افراد کو اسپانسر کرنے کا حق اور کاروبار کی مکمل ملکیت شامل ہے۔