امریکا میں بم بنانے کا دعویدار افغان شہری گرفتار
امریکا میں بم بنانے کے دعویدار افغان شہری گرفتار کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
ٹیکساس: (سنو نیوز) امریکا میں بم بنانے کے دعویدار افغان شہری گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغان شہری محمد داؤد الوک زئی کو ریاست ٹیکساس میں ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی نے حراست میں لیا، افغان باشندے کو آپریشن الائیز ویلکم کے تحت امریکا لایا گیا تھا جسے 7 ستمبر 2022 کو گرین کارڈ دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص نے ٹک ٹاک ویڈیو میں بم بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فورٹ ورتھ شہر کو نشانہ بنائے گا۔

دوسری جانب امریکا نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افغان شہریوں کی فہرست جاری کر دی۔

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی رپورٹ کے مطابق افغان شہری جمال ولی نے ورجینیا میں دو پولیس افسران کو گولی مار کر زخمی کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ میں جمال ولی مارا گیا، عبداللہ حاجی زادہ اور ناصر توحیدی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرتے پکڑے گئے، دونوں کے قبضے سے سیکڑوں گولیاں ملیں، افغان شہری داعش سے وفاداری کا اعلان کرچکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فن لینڈ کا اسلام آباد میں سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان

رپورٹ کے مطابق افغان شہری جاوید احمدی کو سیکنڈ ڈگری اٹیک کا مجرم قراردیا گیا، بہار اللہ نوری بچے سے جنسی زیادہ کے الزام میں گرفتار ہوا، ذبیح اللہ مہمند مونٹانا میں زیادتی کے الزام میں پکڑا گیا، ریاست وسکونسن میں بَہراللہ نوری کم عمر بچی سے جنسی جرم کی کوشش پر گرفتار ہوا۔

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق محمد ہارون معاد کم عمر بچی سے متعلق جنسی جرائم کے مقدمات میں نامزد ہے، جاوید احمدی دوسری ڈگری کے حملے میں سزا یافتہ ہے جبکہ 2025 میں دوبارہ گرفتار ہوا، سزا کے باوجود احمدی کو ملک میں رہنے دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ محمد خروین مبینہ طور پر 'ٹیرر واچ لسٹ' میں شامل ہے جو 2024 میں گرفتار ہو کر رہا ہوا ، ایک سال بعد خروین دوبارہ پکڑا گیا، ممکنہ دہشت گرد روابط کے شبہات سامنے آئے۔

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کیجانب سے کہا گیا کہ بائیڈن انتظامیہ نے امریکی معاشرے کو مجرموں اور دہشتگردوں سے بھر دیا، ہزاروں افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر امریکا لایا گیا جنہوں نے امریکی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچایا۔

اس کو بھی پڑھیں: سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک 14 زخمی

ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق متعدد افغان شہری سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے، بائیڈن انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ ہزاروں افغان شہری تمام تر تصدیقی مراحل کے بعد ملک میں داخل کیے گئے، غیر تصدیق شدہ پس منظر والے افغان تارکینِ وطن کے ہاتھوں تشدد کے واقعات درج ہوئے۔

محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق امریکی عوام کو خطرناک اور غیر تصدیق شدہ پس منظر والے عناصر سے محفوظ رکھنا ضروری ہے ، تمام مجرموں کو وطن واپس بھیجا جائے گا۔