یورپی ملک ہنگری نے پاکستان کیلئے اپنا سب سے بڑا تعلیمی اسکالرشپ کوٹہ مختص کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے تاریخی موقع فراہم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جبکہ ہنگری کی جانب سے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس اہم معاہدے کے تحت ہنگری نے پاکستان کیلئے جاری اپنے معروف Stipendium Hungaricum Scholarship Programme کی سالانہ نشستوں میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے تعداد 80 سے بڑھا کر 400 کر دی ہے۔ اس اضافے کے بعد یہ پاکستان کیلئے مختص کیا جانے والا سب سے بڑا یورپی اسکالرشپ کوٹہ بن گیا ہے، جس سے پاکستانی طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے مزید وسیع ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ امیگریشن قوانین میں سب سے بڑی اصلاحات
تقریب میں پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ہنگری میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم قریشی بھی شریک تھے، دونوں ممالک کے نمائندگان نے اس موقع پر دو طرفہ تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اسکالرشپس میں یہ اضافہ نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کیلئے نئے تعلیمی مواقع پیدا کرے گا بلکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔
اس اقدام سے ہزاروں طلبہ یورپ میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں گے۔