غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چارٹرڈ طیارے میں وزیر معدنیات لوئس واٹم کبامبا اور 20 اعلیٰ ترین سرکاری افسران موجود تھے، کانگو کے دارالحکومت کنشاسا سے اُڑان بھرنے والا چارٹرڈ طیارہ لوالابا صوبے کے کولوویزی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود حکام کی دوڑیں لگ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو ٹیموں اور ایمبولینس کو طلب کیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر دیگر پروازوں کو معطل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوری بعد طیارے کے عقبی حصے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس نے طیارے کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سیاہ دھویں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا طیارہ چنئی کے قریب کریش کر گیا
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار مسافروں کو بحفاظت نکالا گیا خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور وزیر معدنیات سمیت تمام مسافر محفوظ رہے اور بعدازاں طبی معائنے کے بعد مسافروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔
رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ پر موجود فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوشش تاہم طیارہ مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔