لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 4 افراد ہلاک، درجنوں لاپتا
لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو حادثے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتا ہو گئے۔
فائل فوٹو
تریپولی: (ویب ڈیسک) لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کو حادثے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتا ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ساحل پر دو کشتیاں حادثے کا شکار ہوئیں ، ایک کشتی میں 26 جبکہ دوسری میں 69 افراد سوار تھے، کشتی میں سوا ر تارکین وطن کا تعلق مصر، سوڈان، ایتھوپیا اور بنگلہ دیش سے ہے، جان کی بازی ہارنے والے تمام تارکین وطن بنگلہ دیشی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد یورپ پہنچنے کی کوشش میں سمندر کے خطرناک راستے پر نکلے تھے ، حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کشتیاں شمالی افریقا سے اٹلی جانے والے مرکزی بحیرہ روم کے راستے رواں دواں تھیں، کشتیاں شمال مغربی لیبیا کے شہر الخمز سے روانہ ہوئی تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 23 اکتوبر کو بھی تیونس کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے سے 40 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 40 افراد لقمہ اجل بن گئے

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ حادثے کے شکار 30 افراد کو زندہ بچالیا گیا جبکہ 40 لاشیں سمندر سے نکالی گئی تھیں، ہلاک اور لاپتا ہونے والے افراد کا تعلق افریقی ممالک سے تھا جو غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بار پھر یورپ اور شمالی افریقہ کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔