محکمہ موسمیات کے مطابق منگل تک سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مکہ، جدہ، مدینہ، تبوک، الجوف، شمالی سرحدی علاقہ، حائل، القصیم، ریاض، مشرقی صوبہ، الباحہ، عسیر اور جازان سمیت ملک کے وسیع حصے کو متاثر کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں قومی دن پر 2 چھٹیوں کا اعلان
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے موسم کی اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں، سیلاب خیز وادیوں سے دور رہیں اور کم حدِ نگاہ کے دوران ڈرائیونگ میں خصوصی احتیاط کریں۔
ادھر مدینہ منورہ اور اس کے گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار کر دیا، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ خوب بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی سردی کی شدت بڑھ گئی، مسجد نبویؐ میں بھی بارانِ رحمت برسی، جبکہ گنبدِ خضریٰ پر برستی بارش کے مناظر زائرین کے لیے روح پرور ثابت ہوئے، زائرین نے بارش کے دوران اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعائیں کیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف ہوسکتی ہے، تاہم کچھ خطوں میں شدید موسمی صورتحال کے نتیجے میں عارضی رکاوٹیں اور پانی بھراؤ پیدا ہوسکتا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کریں۔