موبائل چارجر کےشارٹ سرکٹ سے آتشزدگی، پورا خاندان لقمہ اجل بن گیا
موبائل چارجر کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ 6 قیمتی جانیں نگل گئی۔
فائل فوٹو
قاہرہ: (ویب ڈیسک) موبائل چارجر کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ 6 قیمتی جانیں نگل گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کے علاقے شبرا الخیمہ میں موبائل چارجر کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے ایک پورے خاندان کو ابدی نیند سلا دیا، باورچی خانے سے شروع ہونے والی آگ چند منٹوں میں پورے اپارٹمنٹ میں پھیل گئی، جس کے باعث ماں، اس کی بہن اور چار بچے جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع پڑوسیوں کی جانب سے ریسکیو حکام دی گئی جس پر سول ڈیفنس اور سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا تاہم اپارٹمنٹ میں موجود کوئی فرد زندہ نہ بچ سکا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق جان کی بازی ہارنے والوں میں ایک ماں، اس کی بہن اور چار بچے شامل ہیں ، یہ آگ موبائل فون کے چارجر کی شارٹ سرکٹ کے باعث شروع ہوئی۔

عینی شاہدین کی جانب سے بتایا گیا کہ آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ جمعرات کی صبح سات بجے پیش آیا اور اپارٹمنٹ سے بچوں کی چیخیں سنائی دیں، پڑوسیوں اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن بے قابو آگ نے چند منٹوں میں ہی پورے اپارٹمنٹ کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کونسے افراد اب حج نہیں کر سکیں گے؟ اعلامیہ جاری

رپورٹس کے مطابق اپارٹمنٹ کا مرکزی دروازہ لوہے کا ہونے کے سبب بھی اندر داخل ہونے میں تاخیر ہوئی جس سے خاندان کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔

ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اپارٹمنٹ کے اندر ایک خصوصی بچے کو روتے ہوئے دیکھا گیا، جو دھویں کے باعث دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیگر افراد کی موت بھی دھویں کے باعث دم گھٹنے اور شعلوں کے باعث ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ بجلی کے شارٹ سرکٹ اور حفاظتی اقدامات کی کمی اس المناک حادثے کی بنیادی وجہ ہے۔