جکارتہ: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 54 افراد زخمی
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا ہو گیا۔
جکارتہ مسجد میں دھماکے کی فوٹو
جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکول کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران اچانک دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہو گئے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی مسجد کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا اور دھویں کے بادل دور دور تک دکھائی دیے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے دھماکے کی تحقیقات شروع کردیں تاہم فی الحال دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے ایک عینی شاہد سکول ٹیچر نے بتایا کہ ابھی خطبہ جمعہ کا آغاز ہی ہوا تھا کہ زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی ، جس کے بعد طلبہ جانیں بچانے کیلئے بھاگنے لگے اسی دوران بھگدڑ کے نتیجے میں کئی طلبہ گر پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

جکارتہ پولیس چیف اسِپ ایڈی سوہیری کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور جکارتہ پولیس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی وہاں موجود ہے تاکہ دھماکے کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کے لواحقین کو مدد فراہم کرنے کے لیے 2 ہسپتالوں میں خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔