قازقستان نے معاہدہ ابراہیمی میں شمولیت اختیار کرلی: ٹرمپ کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ قازقستان نے باضابطہ طور پر معاہدہ ابراہیمی میں شمولیت اختیار کرلی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ قازقستان نے باضابطہ طور پر معاہدہ ابراہیمی میں شمولیت اختیار کی/ فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ قازقستان نے باضابطہ طور پر معاہدہ ابراہیمی میں شمولیت اختیار کرلی۔

صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں قازقستان کے صدر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ قازقستان باضابطہ طور پر معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ظہران ممدانی نے واشنگٹن کا احترام نہ کیا تو کامیابی ممکن نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ نے کہا کہ قازقستان ان کی دوسری مدتِ صدارت میں معاہدہ ابرہیمی میں شامل ہونے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے قازقستان کو ایک شاندار ملک اور باصلاحیت قیادت رکھنے والی قوم قرار دیا اور کہا کہ معاہدہ ابراہیمی میں قازقستان کی شمولیت دنیا میں امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے، دیگر ممالک بھی جلد معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہوجائیں گے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ آج رات ایک اور ملک ’معاہدہ ابراہیمی ‘ میں شامل ہونے کا اعلان کرے گا جس کے تحت اسرائیل اور مسلم اکثریتی ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ معاہدہ ابراہیمی اسرائیل اور مسلم ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام سے متعلق ہیں۔ یہ معاہدہ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیل 4 مسلم ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے میں کامیاب ہوا تھا، ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش اور سوڈان شامل تھے۔