چین زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھا
China earthquake
فائل فوٹو
بیجئنگ: (ویب ڈیسک) چین کے مختلف علاقوں میں آج صبح شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 560 کلومیٹر زیرِ زمین تھی، زلزلے کے بعد ملک کے کئی حصوں میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز شمالی کوریا کے قریب واقع چینی صوبے جیلن (Jilin) میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ عمارتیں ہلنے لگیں اور کئی شہروں میں لوگ گھبراہٹ کے عالم میں باہر نکل آئے، ہنگامی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان یا آفٹر شاکس کی صورت میں امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال جنوری میں تبت کے علاقے میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس سے متعدد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کے شمالی اور مغربی علاقے زلزلوں کے لحاظ سے حساس ہیں، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔