
اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی جس میں تجارت سمیت مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو واضح طور پر خبردار کیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے، ورنہ سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سفارت کاری اور تجارتی حکمتِ عملی کے ذریعے دنیا کی 8 ممکنہ جنگوں کو روکا، جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں نے دونوں ممالک کو فون کیا اور کہا کہ اگر آپ جنگ کریں گے تو امریکا آپ کے ساتھ تجارت بند کردے گا، جس کے بعد 24 گھنٹے کے اندر دونوں ممالک نے مجھے یقین دلایا کہ وہ جنگ نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وائٹ ہاؤس کا ایک حصہ گرا دیا گیا، وجہ سامنے آگئی
ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 7 طیارے گرائے گئے تھے، تاہم صورتحال کو بروقت مذاکرات اور تجارتی دباؤ کے ذریعے قابو میں لے آیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔



