غزہ امن معاہدے پر ثالث ممالک کے سربراہان نے دستخط کردیے
 غزہ امن معاہدے پر ثالث ممالک کے سربراہان نے دستخط کر دیے۔
غزہ امن معاہدے کی دستخطی تقریب کے موقع کی تصویر
شرم الشیخ: (سنو نیوز) غزہ امن معاہدے پر ثالث ممالک کے سربراہان نے دستخط کر دیے۔

مصر کے شہر شرم الشیخ میں اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیراعظم شہباز شریف سمیت 20 عرب ،اسلامی اوریورپی ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

کانفرنس کے آغاز سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی رہنماؤں کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنما ہاتھ ملانے کے بعد کافی دیرتبادلہ خیال کرتے رہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطر، ترکی اور مصر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے اپنی افتتاحی تقریر کے دوران قطر اور ترکی کے رہنماؤں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔

غزہ کے عوام کیلئے آج تاریخ دن ہے: وزیراعظم شہباز شریف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےوزیراعظم شہبازشریف کو اجلاس سے خطاب کی دعوت دی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر امن کےعلمبردارہیں، غزہ کے عوام کیلئے آج تاریخی دن ہے،امن کی کوششوں میں صدر ٹرمپ کا اہم کردار ہے۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں، امریکی صدر کی بدولت جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوا، آج سخت محنت کے بعد غزہ میں امن قائم کرنے میں کامیاب ہوئے، صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں امن قائم کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کے نوبل انعام کیلئے صدر ٹرمپ کو نامزد کیا، صدر ٹرمپ سب سے زیادہ نوبل انعام کے حقدار ہیں،آج سخت محنت کے بعد غزہ میں امن کیلئے کامیاب ہوئے ہیں، امن معاہدہ عالمی رہنماؤں کی کوششوں سے ممکن ہوا،صدر ٹرمپ نے دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے دن رات کام کیا۔

غزہ معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو گا: ٹرمپ

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج غزہ کے عوام کے لیے تاریخی دن ہے، غزہ میں امن معاہدہ بڑی کامیابی ہے، غزہ امن معاہدہ عالمی رہنما ؤں کی کوششوں سے ممکن ہوا، غزہ امن معاہدے میں مصر کا کردار اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو گا، اس موقع پر سب خوش ہیں، پہلے یہ پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں کہ تیسری عالمی جنگ مشرقِ وسطیٰ سے شروع ہو گی مگر اب ایسا نہیں ہو گا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ خواہش ہے پاکستان اوربھارت بہترین ہمسائے بن کر رہیں، بائیڈن انتظامیہ کےدورحکومت میں دنیا بھر میں امن عمل کو نقصان پہنچا۔

وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں پاکستان قطر تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے قطر کے امیر کی ثابت قدم قیادت، سفارت کاری اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ تعاون پر تعریف کی جس کے نتیجے میں آج شرم الشیخ میں تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوئے، وزیرِ اعظم نے غزہ کے بحران کے منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کیلئے قطر کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امن معاہدے نے لاکھوں فلسطینیوں کو اپنی زندگیوں کو دوبارہ شروع کرنے اور تعمیر نو کی امیدیں جگائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معروف فلسطینی صحافی صالح الجعفراوی شہید

اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس شریف کے بطور دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں پاکستان کے دیرینہ مؤقف پر زور دیا اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

امیر قطر نے پاکستان کی یکجہتی اور فلسطین کے بارے میں اصولی مؤقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے عالمی برادری کی مستقل توجہ خطے میں دیرپا امن و استحکام لانے میں معاون ثابت ہوگی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی تشویش کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ چوتھی ملاقات ہے،ستمبر میں وزیر اعظم کے دوحہ کے دورے اور اس کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں بھی ان کی ملاقات ہوئی تھی۔