
معروف فلسطینی صحافی صالح الجعفراوی کو غزہ سٹی کے صبرہ محلے میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق صالح الجعفراوی پر جب قاتلانہ حملہ ہوا اس وقت وہ علاقے میں تباہ شدہ عمارتوں کی کوریج میں مصروف تھے کہ اسی اثنا میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اتنی اچانک تھی کہ الجعفراوی موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے،جس کے بعد حملہ آور فوری طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ یہ واقعہ اسرائیلی حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔
فلسطینی صحافی برادری نے اس بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صالح الجعفراوی کا قتل صرف ایک فرد پر حملہ نہیں بلکہ آزادیٔ صحافت پر براہِ راست وار ہے، غزہ میں سچ بولنا اب زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمِ اسلام کی بڑی شخصیت جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن عمر انتقال کر گئے
واضح رہے کہ صالح الجعفراوی کئی سالوں سے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے سرگرم تھے۔ انہوں نے متعدد بار بمباری کے دوران بھی اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر رپورٹنگ کی۔
فلسطینی عوام اور صحافی برادری کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ الجعفراوی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ سچ بولنے والوں کی آواز ہمیشہ زندہ رہے۔



