چھوٹا طیارہ گاڑیوں پر گر کر تباہ، متعدد افراد زخمی
Texas plane crash
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک خوفناک فضائی حادثے کے دوران ایک چھوٹا طیارہ سڑک پر چلتی گاڑیوں پر گر کر تباہ ہو گیا۔

واقعہ ریاست کے شہر فورٹ ورتھ (Fort Worth) میں پیش آیا جس سے علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ایمرجنسی ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹرز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کیلئے کارروائی شروع کر دی، تاہم طیارے میں سوار افراد اور زمین پر موجود زخمیوں کی درست تعداد تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ اچانک نیچے آیا اور ایک مصروف شاہراہ پر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں اردگرد کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

یہ بھی پڑھیں:معروف فلسطینی صحافی صالح الجعفراوی شہید

حکام نے حادثے کے بعد متاثرہ علاقے کو سیل کرتے ہوئے عوام کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ طیارہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں ممکنہ طور پر انجن کی خرابی یا تکنیکی مسئلہ پیش آیا تھا، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔