ایران نے پاک افغان کشیدگی کم کرنے کیلئے بڑی پیشکش کر دی
Iran statement on Pakistan Afghanistan tension
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پر ایران نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے حالات کو معمول پر لائیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کی علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کا احترام انتہائی ضروری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایران اپنے برادر اور ہمسایہ ممالک کے درمیان امن و استحکام کا خواہاں ہے اور اگر ضرورت پڑی تو وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور ترقی کیلئے پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی احترام اور بات چیت ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور افغانستان کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں، سعودی عرب

ایرانی وزارتِ خارجہ نے زور دیا کہ کشیدگی میں اضافہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے پاکستان اور افغانستان کو دانشمندی اور صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے اپنے اختلافات سفارتی ذرائع سے حل کرنے چاہئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک افغان سرحد پر انگور اڈا، باجوڑ اور کرم کے مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، جن کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ اس صورتحال پر مختلف ممالک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن کی بحالی کیلئے مذاکرات پر زور دیا ہے۔